راجیو شکلا نے کہا کہ ’’گزشتہ انتخاب میں بی جے پی نے نعرہ دیا تھا ’جو رام کو لائے ہیں، انہیں اقتدار میں لائیے‘۔ اب جنہوں نے بھگوان رام کے نام پر لوٹ کی ہے، ان کی کیا سزا ہونی چاہیے؟‘‘


i
رام مندر میں مبینہ زیورات اور نقدی چوری کے معاملے کو لے کر کانگریس نے مرکزی حکومت اور مندر ٹرسٹ کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ راجیہ سبھا رکن اور کانگریس کے سینئر رہنما راجیو شکلا نے اس معاملے میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’رام مندر میں چندے اور چڑھاوے کی بھیانک لوٹ ہوئی ہے۔ بھگوان شری رام کے تئیں عقیدت کے باعث ملک کے گاؤں سے اور غریب لوگوں سے چندہ اکٹھا کیا گیا تھا، جسے لوٹ لیا گیا۔ لیکن جب ایف آئی آر درج ہوئی تو اس میں صرف چھوٹے ملازمین کے نام ڈال دیے گئے۔ سوال یہ ہے کہ بڑے لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر کیا کوئی چھوٹا ملازم سی سی ٹی وی بند کر کے ہزاروں کروڑ روپے کا چندہ چوری کر سکتا ہے؟‘‘
کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’گزشتہ انتخاب میں بی جے پی نے نعرہ دیا تھا ’جو رام کو لائے ہیں، انہیں اقتدار میں لائیے‘۔ اب جنہوں نے بھگوان رام کے نام پر لوٹ کی ہے، ان کی کیا سزا ہونی چاہیے؟ رام مندر میں جہاں نقد چڑھاوے کو کم کر کے دکھا دیا جاتا تھا، وہیں خواتین کی طرف سے چڑھائے گئے زیورات کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں بنایا گیا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس نے لوگوں کی عقیدت کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔‘‘
راجیہ سبھا رکن راجیو شکلا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’بی جے پی میں مندر سیل بنایا گیا ہے۔ ایسا کبھی نہیں سنا گیا کہ کسی پارٹی میں ایسا کوئی سیل بنا ہو۔ یعنی بی جے پی منصوبہ بند طریقے سے مندروں کے ٹرسٹ پر قبضہ کر رہی ہے۔ ان کا مقصد یہ رہتا ہے کہ پہلے ٹرسٹ میں اپنے لوگوں کو شامل کرو، پھر چندے اور چڑھاوے کو ہڑپ کر کے اس کا سیاسی استعمال کرو۔‘‘
راجیو شکلا نے پریس کانفرنس کے دوران رام مندر چوری معاملے میں چند اہم مطالبات کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ:
-
سپریم کورٹ کی نگرانی میں اس معاملے کی تحقیقات ہو۔
-
وزیر اعظم نریند مودی اس معاملے میں مداخلت کر سخت کارروائی کریں۔
-
رام مندر ٹرسٹ کو تحلیل کیا جائے اور سیاسی لوگوں کو ہٹا کر ٹرسٹ میں سادھو-سنتوں اور مذہبی شخصیات کو شامل کیا جائے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
